• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لانگ مارچ، کیا عمران خان آج بھی ہیلی کاپٹر کا استعمال کریں گے؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان وزیر اعلیٰ خیبرپختون خوا کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں صوابی پہنچیں گے۔

خیبرپختون خوا کے وزیر اعلیٰ کا ہیلی کاپٹر ہیلی پیڈ پر  تیار کھڑا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما عاقب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان ہیلی کاپٹر کے ذریعے انبار انٹرچینج پہنچیں گے، جہاں پر وہ کارکنوں سے خطاب کرسکتے ہیں۔

ایک بیان میں عاقب اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئیچیئرمین عمران خان کا کنٹینربھی انبارانٹرچینج پہنچا دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موٹروے پررکاوٹیں ہٹانے کےلئے بھاری مشینری بھی پہنچادی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں اس بات کا عزم کیا گیا کہ ہر غیر قانونی کام کا راستہ روکا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء نے اتحادی جماعتوں کے وفاقی وزراء کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے لانگ مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی، انہیں روکا جائے گا، یہ لوگ اسلام آباد آ کر افراتفری پھیلائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ لوگ گالیوں سے گولیوں پر آ گئے ہیں، لانگ مارچ کے نام پر فتنہ مارچ کیا جا رہا ہے، لانگ مارچ کے نام پر قوم کو تقسیم کیا جا رہا ہے، اس فتنے اور فساد کو روکنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

علاوہ ازیں پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا تھا کہ ہرحال میں اسلام آباد کے لیے نکلیں گے، کابینہ کا ہمیں روکنے کا فیصلہ غیر قانونی ہے۔

عمران خان نے کہا تھا کہ جب یہ اقتدار میں نہیں ہوتے تو انہیں جمہوریت یاد آ جاتی ہے، اس حکومت اور فوجی آمروں کے درمیان کوئی خاص فرق نہیں، فاشسٹ حکومت کی تاریخ ہمیں معلوم ہے، یہ وہی حربے استعمال کرتے ہیں جو آمر کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید