• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پیٹرول، ڈیزل،مٹی کے تیل  کی قیمت میں 30 روپے  فی لیٹر اضافہ کردیا گیا، نئی قیمتوں  کا اطلاق  آج رات12 بجے سے ہوگا۔

مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک لیٹر پیٹرول 179.86روپے، ڈیزل 174.15 روپے، لائٹ ڈیزل 148.31 روپے جبکہ مٹی کا تیل 155.56 روپےفی لیٹر ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ جب تک پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھائیں گے آئی ایم ایف قرض نہیں دے گا، عمران خان فارمولے پر جاؤں تو ڈیزل 305 روپے کا ہوگا، حکومت نے غریب لوگوں کی پروٹیکشن کا فیصلہ کیا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سابق حکومت میں فروری تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ ہوا، سابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت کو فکسڈ رکھا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے لیے عوام پر کچھ نہ کچھ بوجھ ڈالنا ناگزیر ہوگیا، پیٹرول پر سبسڈی کا امیر اور غریب دونوں فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 15 دن میں 55 ارب روپے کا نقصان برداشت کر چکے ہیں، سابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث آج مہنگائی کا سامنا ہے،عمران خان کی حکومت معاشی بارودی سرنگیں بچھا کر گئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پہلے دن سےکہہ رہا تھا کہ عوام پر کچھ نہ کچھ بوجھ ڈالنا ناگزیر ہے، سول حکومت چلانے کا خرچہ 42 ارب اور سبسڈی سوا سو ارب روپے ہے، 15دن میں 55ارب روپے کا نقصان برداشت کرچکے ہیں۔

بعد ازاں وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

قومی خبریں سے مزید