پاک بھارت آبی تنازعات پر بات چیت کے لیے انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کی سربراہی میں 5 رکنی وفد بھارت روانہ ہوا ہے۔
وفد میں ڈی جی محکمہ موسمیات، محکمہ آبپاشی، نیسپاک اور وزارت خارجہ کے نمائندے شامل ہیں، آبی تنازع پر 2 روزہ مذاکرات کل سے نئی دہلی میں ہوں گے۔
انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں بھارت سے آنے والے دریاؤں میں سیلاب کی پیشگی اطلاع پر بات ہوگی۔
انڈس واٹر کمشنر نے کہا کہ اجلاس میں سالانہ رپورٹ فائنل کی جائے گی، دریائے سندھ پر چھوٹے پراجیکٹس ہیں، پاکستان کو دریائے چناب پر بھارت کے 3 بڑے پراجیکٹس پر اعتراض ہے، ان میں سے پاکل دل اور کیرو ہائیڈور پاور شامل ہیں۔
مہر علی شاہ کا کہنا تھا کہ مارچ میں پاک بھارت انڈس واٹر کمشنر کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا تھا، پاک بھارت آبی مذاکرات کا 118 واں اجلاس نئی دہلی میں ہورہا ہے۔
بھارت کیرو پر جاری کام پر پاکستانی اعتراض پر رپورٹ پیش کرے گا، وفد اجلاس میں شرکت کیلئے جارہا ہے جبکہ معائنہ کیلئے الگ وزٹ ہوں گے۔