پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سے ملاقات کی ہے۔
لاہور میں ہونے والی ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال پر پی ٹی آئی کے 3 بڑوں نے مشاورت کی۔
شاہ محمود قریشی، عثمان بزدار اور عمر سرفراز چیمہ کی ملاقات میں عدالتوں میں زیر سماعت پٹیشنز پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس دوران پنجاب کے 20 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخاب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے اس حوالے سے کہا کہ پارٹی تمام صوبائی حلقوں میں امیدوار اتارے گی، پارلیمانی بورڈ ضمنی انتخاب میں مضبوط امیدواروں کا فیصلہ کرے گا۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کل پارٹی کا اجلاس لاہور میں طلب کیا ہے، جس میں شفقت محمود، حماد اظہر، میاں محمود الرشید، یاسیمن راشد اور اسلم اقبال شریک ہوں گے۔