• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی حل نہ نکلا تو کوئی اور حل نکلے گا، شیخ رشید کا دعویٰ

سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے دعویٰ سے کہا ہے کہ سیاسی حل نہ نکلا تو کوئی اور حل نکلے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان پیچھے نہیں ہٹے گا، وہ اسلام آباد آئے گا اور ان کو نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اسلام آباد جون میں ہی آئے گا، کور کمیٹی اجلاس میں مارچ کی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دھرنا بہت ہی مشکل کام ہے، یہ آسان پالیٹکس نہیں، اگر سیاسی حل نہ نکلا تو کوئی اور حل نکلے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ دوسرا حل سیاستدانوں کے لیے شاید اچھا پیغام نہ ہو، نگراں حکومت ٹیکنوکریٹ بھی ہوسکتی ہے۔

شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف، حمزہ کے علاوہ کوئی اور لے آتے تو شاید ایسا ردِعمل نہ ہوتا، لوگوں کے ذہن میں اس نے یہ بات ڈال دی ہے کہ یہ چور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب کی مل کر ذمے داری ہے کہ ملک کو بحران سے نکالیں، نگراں ٹیکنوکریٹ حکومت بنا کر الیکشن کروائیں۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میں ڈی چوک تک آیا تھا لیکن رات کو دیر تک نہیں رہ سکتا تھا، خونی لفظ کے استعمال کا مطلب یہی تھا کہ لوگ مرجائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یقین سے کہتا ہوں، جو یہ سوچ کر بیٹھے ہیں، وہ ہونے نہیں جارہا، ان کا باپ بھی سال پورا نہیں کرسکتا۔

قومی خبریں سے مزید