ملتان سے کراچی جانے والی 26 ڈاؤن زکریا ایکسپریس میں ایک خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کا جناح اسپتال میں میڈیکل کروایا گیا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیشی ٹیم ملتان جائیں گی۔
اس حوالے سے پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹرین انتظامیہ سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اورنگی ٹاؤن کراچی کی رہائشی خاتون کو دوران سفر ٹکٹ چیکر ‘انچارج اور ایک شخص نے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
خاتون اپنے سسرال مظفر گڑھ سے کراچی جا رہی تھی، واقعے میں ملوث ٹرین کے عملے کے خلاف خاتون کی درخواست پر تھانہ ریلوے پولیس کراچی سٹی میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون (ف) جس کا سسرال مظفر گڑھ میں ہے، اس کے شوہر نے ڈیڑھ ماہ قبل اس کو طلاق دی وہ اپنے بچوں سے ملنے 26 مئی کو مظفر گڑھ پہنچی،27 مئی کو واپس زکریا ایکسپریس کے ذریعے کراچی کے لیے روانہ ہوئی، اسٹیشن پر اس کو ٹکٹ نہیں ملا۔
ٹرین میں اکانومی کلاس کا ٹکٹ بنوا کر اس نے سفر شروع کیا، ٹرین جب روہڑی سے روانہ ہوئی تو نجی شعبے کے ٹکٹ چیکر زاہد نےخاتون کو کہا کہ وہ اس کو اے سی بوگی کی برتھ لے کر دے سکتا ہے اور اس نے انچارج عاقب سے ملوایا اور اس کو اے سی بوگی کے ایک کمپارٹمنٹ میں لے گیا۔
کچھ دیر بعد زاہد کمپارٹمنٹ میں آیا اور خاتون سے دست درازی کی، خاتون نے وہاں سے اکانومی بوگی میں جانے کی کوشش کی جس پر اسے جان سے مار دینے کی دھمکی دے کر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔
ایف آئی آر کے مطابق اس کے بعد انچارج عاقب آگیا اس نے بھی زبردستی مذکورہ خاتون سے زیادتی کی، اس کے جانے کے بعد ایک اور شخص کمپارٹمنٹ میں آیا اس نے بھی خاتون کے ساتھ زیادتی کی۔