دعا زہرہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، کراچی سے مبینہ طور پر اغوا کی گئی دعا زہرہ کی خیبرپختونخوا کے علاقے مانسہرہ میں موجودگی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات سے ضلع کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ اطلاع کے مطابق دعا زہرہ اور شوہر چند روز قبل مانسہرہ منتقل ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں مقامی دوست کے ہمراہ مانسہرہ کے کسی علاقے میں روپوش ہیں۔
اس سے قبل دعا زہرا کی ساس اور جیٹھ نے مبینہ ہراسانی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے نور منیر اور شبیر احمد کی درخواست پر سماعت کی جبکہ عدالت نے دعا زہرا کے سسرالیوں کو ہراساں نہ کرنے کی استدعا رد کردی۔
انہوں نے ریمارکس دیے کہ درخواست ہائی کورٹ میں زیرِ التوا رہے گی اور پولیس اپنا کام کرے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے پولیس کو دعا زہرا کو کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔