کراچی سے لاہور پہنچ کر پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرہ کو پنجاب سے بازیاب کرالیا گیا ہے جس کے بعد اُن کے والدین کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔
سوشل میڈیا پر دُعا زہرہ کے والدین کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں وہ اپنی بیٹی کی بازیابی کے بعد نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کررہے ہیں۔
دُعا زہرہ کے والد نے کہا کہ ’آج ہم بہت خوش ہیں، ہمارے گھر میں عید کا سماں ہے کیونکہ عیدالفطر، ہمارے لیے قیامت کی طرح گُزری۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’جب پولیس کی طرف سے مجھے اطلاع ملی تو میں نے سب گھر والوں کو اُٹھایا اور اُنہیں خوشخبری دی، جس دن کا انتظار تھا، آخر کار وہ آگیا۔‘
دوسری جانب دُعا زہرہ کی والدہ نے کہا کہ ’میں بہت خوش ہوں، ایسا لگ رہا ہے، کوئی تہوار آنے والا ہے اور ہم اُسے منانے کے لیے پُرجوش ہیں۔‘
دُعا زہرہ کی والدہ نے اُن کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے شہلا رضا، میڈیا اور پولیس کا بہت شکریہ ادا کیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں ابھی یہ نہیں بتا سکتی کہ جب بیٹی سامنے ہوگی تو اُس وقت ہمارے کیا جذبات ہوں گے۔‘
واضح رہے کہ ایس ایس پی زبیر نذیر شیخ کے مطابق دعا زہرہ کے شوہر کو بھی حفاظتی تحویل میں لیا گیا ہے، دونوں کو قانونی تقاضوں کے بعد کراچی لایا جائے گا۔
سی آئی اے پولیس نے دعا اور اس کے شوہر کو ایک وکیل کے گھر سے برآمد کیا ہے جس کے بعد انہیں کراچی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
دعا کے شوہر ظہیر کے سارے اہلخانہ پہلے ہی کراچی پولیس کی حراست میں ہیں۔