ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کل 14 سال بعد بین الاقوامی میچ کھیلا جارہا ہے، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مدِ مقابل ہوں گی تاہم اسٹیڈیم میں انتظامات اب بھی نامکمل ہیں۔
بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستان ٹیم اور نکولس پوران کی قیادت میں ویسٹ انڈین ٹیم میں کل پہلے ون ڈے کے لیے جوڑ پڑے گا۔
دونوں ہی ٹیموں کے کپتان اپنے کھلاڑیوں سے بہترین پرفارمنس کی امید کر رہے ہیں اور جیت کے لیے بھی پُرعزم ہیں۔
دوسری جانب میچ کے لیے پُرجوش شائقین کرکٹ کے لیے ملتان اسٹیڈیم میں انتظامات اب بھی مکمل نہیں ہوسکے۔
ملکی سیاسی صورتحال کے پیشِ نظر راولپنڈی سے ملتان منتقل ہونے والی اس سیریز کے دوران شائقین گراؤنڈ میں ڈیجیٹل باؤنڈری کی رنگینیاں نہیں دیکھ سکیں گے۔
اسی طرح شائقین فضا سے خوبصورت منظر پیش کرنے والے اسپائیڈر کیمرے کی کوریج سے بھی محروم رہیں گے۔
اسٹیڈیم میں بال موومنٹ کے ساتھ بھاگتا ہوا جدید ڈیجیٹل بگی کیمرہ بھی نہیں ہوگا جبکہ الٹرا سلوموشن بھی دیکھنے کو نہیں ملے گا۔