پشاور (خصوصی نامہ نگار) بھارت میں رسول کریمؐ کی شان میں گستاخی کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس پشاور کے زیر اہتمام اسلامیہ کالج کی جامع مسجد سے خیبر میڈیکل کالج تک عاشقانِ مصطفیٰ ریلی نکالی گئی جس میں طلبہ نے شرکت کی ۔ریلی کی قیادت ناظم کیمپس اسفندیار ربانی نے کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبرؐکے بارے میں بھارتی حکومتی ترجمان کی ہرزہ سرائی قابلِ مذمت ہے۔ اس سے عالم اسلام کے دو ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔حکومتِ پاکستان اس حوالے سے سخت موقف اپنائیں اور بھارت کا سفارتی اور تجارتی سطح پر بائیکاٹ کرے۔ حرمت رسول ؐ پر ہماری جان،مال اور اولاد قربان ہیں ناموس رسالت کی حفاظت کے لئے مسلمان کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ او آئی سی کا اجلاس بلاکر پوری امت مسلمہ کو اس حوالے سے اکٹھاکرے اور بھارت کی حکومت پر نبی کریم ؐکے گستاخوں کو سخت سزا دینے اور گرفتار کرنے کے لئے دباؤ ڈالیں۔