• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرم میں ریاستی رٹ ہر صورت نافذ ہوگی ،چیف سیکرٹری

پشاور(جنگ نیوز)ضلع کرم کی صورتحال اور دیرپا امن اقدامات کے لئے مشاورت کی غرض سے ایک گرینڈ امن جرگے کا انعقاد کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں کیا گیا۔گرینڈ جرگے میں اہل سنت اور اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے عمائدین نے شرکت کی۔امن جرگہ میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری،انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈاپور،کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ، ڈی آئی جی کوہاٹ شیر اکبر خان اور عمائدین علاقہ نے بھی شرکت کی۔گرینڈ امن جرگے سے خطاب میں چیف سیکرٹری نے ایسے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جس سے ضلع کرم میں دیرپا امن قائم ہو۔انہوں نے کہا کہ ریاست دشمن اور عوام دشمن عناصر کو ہر صورت کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا، ایسے عناصر جو ضلع میں بد امنی پھیلانے میں پیش پیش ہوں ان کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ امن جرگہ سے مشاورت کا مقصد ضلع کرم میں دیرپا امن کے قیام کیلئے عمائدین اور مشران کی آراء حاصل کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ جرگے میں پیش کی گئی تجاویز اور سفارشات سے بھرپور رہنمائی اور استفادہ حاصل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بہت جلدضلع کرم میں ریاستی اقدامات نظر آنا شروع ہو جائیں گے اور قانون کی عملداری اور ریاستی رٹ ہر صورت نافذ ہوگی۔چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ جو کچھ کرم میں ہوا وہ ہر گزنہیں ہوناچاہئے تھا اور ایسے انسانیت سوز فعل کی کوئی بھی مہذب معاشرہ اجازت نہیں دیتا اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔اس موقع پر کمشنر کوہاٹ نے اعلان کیا کہ امن جرگہ کی بیٹھک باہمی مشاورت سے ہوگی۔
پشاور سے مزید