پشاور(جنگ نیوز)متحدہ علماء بورڈ ضلع کرم میں صوبائی حکومت کے امن و امان کے حوالے سے اقدامات و کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔ کرم میں کئی روز سے جاری کشیدگی میں حکومتی جرگے نے بھر پور کردار اداکرتے ہوئے کامیابی سے فریقین کو جنگ بندی پر رضامند کیاہے جبکہ فریقین کی جانب سے 7 روزہ جنگ بندی کی شرائط کی پاسداری کے لیے بھرپور اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ کئی روز سے بھڑکنے والی اس آگ میں کئی جانوں کا ضیاع اور سیکڑوں افراد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں بچے، بوڑھے اور عورتیں بھی شامل ہیں ۔متحدہ علماء بورڈ نے فریقین کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ مزید جانی و مالی نقصان سے گریز کیا جائے اور بیرونی سازش کو ناکام بنا یا جائے تاکہ کرم سمیت صوبہ بھر اور ملک میں امن و امان اور مذہبی رواداری کو فروغ دیا جائے اور مسلکی و مذہبی اختلافات کے تناؤ کو ختم کیا جاسکے۔ متحدہ علماء بورڈنے امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے صوبائی حکومت اور ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔