پشاور(نیوز رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق صوبائی وزیر اور موجودہ رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے محکمہ انٹی کرپشن کی جانب سے ان کو جاری نوٹس کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔ رٹ پیٹشن شمائل احمد بٹ ، بلال تنگی اور نجم الصالحین ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی ہے درخواست گزار کے مطابق وہ رکن قومی اسمبلی ہیں اور سابق صوبائی وزیر رہ چکے ہیں انٹی کرپشن خیبر پختون خوا نے اسے نوٹس جاری کیا ہے کہ وہ مالم جبہ سکینڈل میں اپنا جواب جمع کریں ۔رٹ پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار کو انٹی کرپشن خیبر پختون خوا نے نوٹس جاری کیا ہے جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مالم جبہ میں زمین کی خریداری کے تحقیقات میں شامل ہوں جبکہ ایک دوسرا سوال نامہ یہ بھی ارسال کیا گیا ہے کہ مردان میں واقع نجی ہاوسنگ سوسائٹی فضل گارڈن سے متعلق بھی وہ جواب دیں۔شمائل احمد بٹ نے کہا کہ درخواست گزار کو صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کےلئے یہ نوٹس جاری کیا گیا ہے لہذٰا مذکورہ نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے رٹ پٹیشن میں صوبائی اور حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔