• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی مسائل کا دہلیز پر حل اولین ترجیح ہے،اے سی پشاور

پشاور ( وقائع نگار )ضلعی انتظامیہ پشاور نے چارسدہ روڈ پر اوقاف کمپلیکس عید گاہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر داؤد سلیمی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سلیم ایوبی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ذوالفقار خان سمیت ماتحت محکموں کے افسران، ریونیو سٹاف،عوامی نمائندگان، عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کر وائے گئے تھے۔ اس موقع پر عوام نے مسائل کے انبار لگا دیئے۔کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ چارسدہ روڈ پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور سوئی گیس کا پریشر بڑھایا جائے اور باچا خان چوک میں ہتھ ریڑھیوں کی وجہ سےاکثر ٹریفک جام رہتی ہے اس لیے ہتھ ریڑھیوں اور تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور چارسدہ روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کا گشت بڑھایا جائے تاکہ روڈ پر کھڑے ہونے والے چنگچی اور رکشوں و ٹیکسیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور علاقے میں نالیوں کی صفائی روزانہ کی بنیادوں پر کی جائے۔ اکثر یت لوگوں نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔انھوں نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کارروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔
پشاور سے مزید