پشاور (نیوز رپورٹر )پشاور کی انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ملک سعد شہید پولیس لائنز دھماکے میں گرفتار سہولت کار پولیس اہلکار کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 15دن کی توسیع کردی۔ گزشتہ روز ملزم ولی محمد کاجسمانی ریمانڈ مکمل ہوا توا سے اے ٹی سی کورٹ کے جج محمد اقبال خان کے روبرو پیش کیاگیا، اس دوران سی ٹی ڈی پشاور کے تفتیشی آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ولی محمد پر پولیس لائنز دھماکے میں خودکش حملہ آور کی سہولت کاری کا الزام ہے۔ ملزم کو پولیس نے بی آر ٹی سٹیشن سے گرفتار کیا تھاجس نے خودکش حملہ اور کی سہولت کاری کی ہے ،عدالت نے ملزم کا 15روز کا جسمانی ریمانڈ دیاتھاجوکہ آج ختم ہوگیاتاہم ملزم سے ابھی مزید تفتیش کی ضرورت ہے لہذٰاملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے تاکہ اسے مزید تفتیش ہوسکے ، عدالت نے سی ٹی ڈی کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 15 کی توسیع کر دی۔یاد رہے کہ پولیس لائنز دھماکہ میں 80سے زائد پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے جبکہ 200سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔