پاکستان کے اعلیٰ سطح ٹرائی سروس ملٹری وفد نے چین کا دورہ کیا ہے جس کے دوران اعلیٰ چینی عسکری قیادت سے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کے اعلیٰ سطح کے ٹرائی سروس ملٹری وفد نے چین کا دورہ 9 سے 12 جون کے درمیان کیا ہے۔
دورۂ چین کے دوران 12جون کو ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قیادت کی جبکہ اس میں چین کی جانب سے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژانگ نے شرکت کی۔
پاکستانی فوجی وفد نے چین کے دیگر سرکاری ڈپارٹمنٹس کے سینئر حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور چین کی اعلیٰ عسکری قیادت نے اسٹریٹجک شراکت داری پر عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دونوں ملکوں کی فوجی قیادت نے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے رابطوں میں تسلسل، تربیت، ٹیکنالوجی اور انسدادِ دہشت گردی کا تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
پاک چین فوجی قیادت نے عالمی و علاقائی سیکیورٹی کی صورتِ حال پر گفتگو بھی کی اور دفاعی تعاون کے لیے مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔
دونوں ممالک نے باہمی مفاد کے تناظر میں وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔
پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت کا دورۂ چین مشترکہ فوجی تعاون کمیٹی کا حصہ ہے۔