• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمیوں کے رسیلے پھل جامن کی طبی خصوصیات

موسم گرما میں آنے والا پھل جامن، صحت کے حوالے سے انتہائی مفید اور اہم پھل ہے۔ جامن کے ساتھ ساتھ جامن کی گٹھلیاں اور پتے بھی بہت ساری بیماریوں کے علاج میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ عموماً جامن کھا کر گٹھلیاں پھینک دی جاتی ہیں حالانکہ جامن کی گٹھلیاں بعض امراض میں بے انتہا فائدہ پہنچاتی ہیں۔ 

آپ ان گٹھلیوں کو سُکھا اور پیس کر رکھ لیں اور ضرورت پڑنے پر استعمال کریں۔ جامن کینسر، دل کی بیماریوں ، ذیابطیس، دمہ، معدہ اور جِلد کے مختلف مسائل کے حل کے لیے نہایت مفید پھل ہے۔ جامن میں اہم غذائی اجزاء جیسے کیلشیم، آئرن،میگنیشیم، فاسفورس، سوڈیم، وٹامنز، تھیامن، ربوفلیون، نیاسن، کاربوہائیڈریٹ، کیروٹین، فولک ایسڈ، فائبر، فیٹ، پروٹین اور پانی موجود ہوتے ہیں جو صحت کے لیے بے انتہا مفید ہیں۔

جامن کی غذائی خصوصیات

تازہ اور تیار جامن 84فی صد پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔ 100گرام جامن کی غذائی خصوصیات کچھ اس طرح ہوتی ہیں: 14 گرام کاربوہائیڈریٹس، توانائی کے 60کیلوری، کیلشیم کے 12ملی گرام، سوڈیم کے 26 ملی گرام، پوٹاشیم کے 55 ملی گرام اور آئرن کے 2 ملی گرام۔

جامن کھانے کے فوائد

جامن کی خاصیت ہے کہ یہ انسانی جسم میں موجود مختلف اقسام کی بیماریوں کو دور کرتا ہے، جس میں معدے کی بیماریاں، آنتوں کی جلن، خراش، بلڈ پریشر کی سطح کو نارمل رکھنا، شوگر کنٹرول کرنا اور کھانا ہضم کرنا وغیرہ شامل ہے۔

گرمی سے نجات

جامن کی تاثیر ٹھنڈی ہےاور اسی لیے یہ کھانے کو بآسانی ہضم کرتا ہے، یہ شدید گرمی میں ٹھنڈک کا کام بھی کرتا ہے۔ جامن کے اندر پیاس کی شدت کم کرنے اور خون کی گرمی کو دور کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

خون کی صفائی

جامن میں موجود آئرن خون صاف کرنے کا کام بھی کرتا ہے۔ جب خون صاف ہوتا ہے تو اس سے آپ کی جِلد اور آنکھوں کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ جامن کسیلی خصوصیات سے مالا مال ہے جو جِلد کو داغ دھبوں، مہاسوں اور جھریوں سے بچاتا ہے۔ جسم میں آئرن کی کمی کو دور کرنے کے لیےجامن کا استعمال ضروری ہے۔

معدے کی صحت

جامن ہاضمے کی خرابیوں کے علاج میں مؤثر ہوتا ہے۔ یہ جسم اور نظام انہضام کو ٹھنڈا رکھتا اور پیچش میں مفید ہوتاہے۔ جامن ہاضمے کی خرابی کے علاج میں مدد کر سکتا ہے۔

ہیموگلوبن میں اضافہ

وٹامن سی اور آئرن سے بھرپور جامن ہیموگلوبن بڑھاتا ہے۔ ہیموگلوبن کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث آپ کا خون جسمانی اعضاء تک زیادہ آکسیجن لے جائے گا اور آپ کو صحت مند رکھے گا۔

منہ کی بہتر صحت

جامن مسوڑھوں اور دانتوں کے لیے فائدہ مند ہے۔ سیاہ بیر کے پتوں میں جراثیم کش خصوصیات ہوتی ہیں اور اس کا استعمال مسوڑھوں سے خون کو روکنے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ ٹوتھ پاؤڈر کے طور پر استعمال کرنے کے لیے اسے خشک کرکے پاؤڈر بھی بنایا جاسکتاہے۔ اس سے مسوڑھوں سے خون بہنے اور انفیکشن کو روکنے میں مدد ملے گی۔

ذیابطیس کے خلاف مؤثر

جامن شوگر کی علامات بشمول پیشاب کی زیادتی اور پیاس کو دور کرتا ہے۔ اس میں گلیسیمک انڈیکس کم ہوتا ہے، جو خون میں شکر کی سطح کو معمول پر رکھتا ہے۔ اس کے بیج، چھال اور پتوں کو ذیابطیس کے علاج کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جو لوگ ذیابطیس میں مبتلا ہیں وہ معالج کے مشورے سے جامن کھاسکتے ہیں کیونکہ اس میں کیلوریز کم ہوتی ہیں۔ مزید برآں، جامن میں موجود پولی فینولک اجزاء ذیابطیس کے علاج میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

دل کا محافظ

جامن پوٹاشیم سے بھرا ہوا پھل ہے، جو دل کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔ فی 100 گرام جامن میں تقریباً 55 ملی گرام پوٹاشیم موجود ہوتا ہے۔ یہ پھل ہائی بلڈ پریشر، دل کے امراض اور فالج جیسی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے فائدہ مند ہے۔ یہ آپ کی شریانوں کو صحت مند رکھتا اور انھیں سخت ہونے سے روکتا ہے۔

وزن میں کمی

کم کیلوریز والا پھل ہونے کے ساتھ ساتھ یہ فائبر سے بھرپور ہوتا ہے، یہ وزن کم کرنے کے لیے بہترین ہے۔

قوت مدافعت بڑھانا

جامن وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جو جسم کی مدافعتی صلاحیت اور قوت برداشت کو بڑھانے میں مدد کرتے ہیں۔

بالوں کو صحت مند بنانا

بالوں کے لیے بھی جامن کے بے شمار فوائد ہیں۔ جامن کی اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات آپ کے سر پربیکٹیریل حالات کا علاج کر سکتی ہیں۔ یہ آپ کے جسم سے زہریلے مادوں کو خارج کرتا اور صحت مند بالوں کی نشوونما میں مدد کرتا ہے۔ چونکہ جامن میں تیزابیت کی خصوصیات بھی ہیں، اس لیے یہ آپ کے قدرتی تیل کو متوازن اور تیل کی مدد سے سر کی جِلد کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے۔

کینسر سے بچاؤ

جامن کینسر سے بچاؤ کے ایجنٹوں سے بھرپور ہوتا ہے، جو کینسر کو روکنے اور علاج کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ اس میں اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو جسم سے کینسر پیدا کرنے والے زہریلے مادے اور آزاد ریڈیکلز کو باہر نکالنے میں مدد کرتے ہیں۔ جامن میں فائٹو کیمیکلز، فلیوونائڈز، پولی فینول اور گیلک ایسڈ جیسے اجزاء ہوتے ہیں جو کینسر پیدا کرنے والی سرگرمی کے خطرے کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ جامن سوزش کش ہے، جو کینسر کے خلیوں کی نشو و نما اور پھیلاؤ کو روکتا ہے۔ مختلف مطالعات سے ثابت ہوا ہے کہ جامن جسم میں کینسر کی رسولیوں کی جسامت کو کم کرتا ہے۔

دمہ کے خلاف مؤثر

جامن میں وٹامن سی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، وٹامن سی ایک اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو دمہ جیسے سانس کے متعدد امراض کو دور کرنے میں معاون ہے۔

صحت سے مزید