• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد سے پابندی ختم کی جائے: ملک ارشد اعوان

ملک ارشد اعوان کی راجہ پرویز اشرف، شہادت اعوان اور نوید قمر کے ہمراہ تصاویر
ملک ارشد اعوان کی راجہ پرویز اشرف، شہادت اعوان اور نوید قمر کے ہمراہ تصاویر

کار ایکسپورٹر ایسوسی ایشن فار پاکستان کے چیئرمین ملک ارشد اعوان نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف ساڑھے 4 سو ملین ڈالر سالانہ ڈیوٹی کی مد میں حکومتی خزانے میں جمع کرانے والے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد سے پابندی ختم کرنے کا فوری طور پر حکم جاری کریں۔

نمائندہ ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کار ایکسپورٹر ایسوسی ایشن فار پاکستان کے چیئرمین ملک ارشد اعوان نے کہا ہے کہ میں گزشتہ ایک ہفتے میں وفاقی وزیرِ تجارت نوید قمر صاحب، وزیرِ مملکت شہادت اعوان اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے مل چکا ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک پاکستانی اپنی جمع پونجی سے اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کے لیے گاڑیاں خریدتے ہیں اور بھاری زرِمبادلہ ڈیوٹی کی مد میں بینکوں کے ذریعے پاکستان بھجواتے ہیں جس کی مالیت سالانہ 450 ملین ڈالر بنتی ہے۔

ملک ارشد اعوان نے کہا ہے کہ ہائبرڈ اور بجلی سے چلنے والی ماحول دوست گاڑیاں بھی پاکستان بھیجی جاتی ہیں، ایسی گاڑیوں پر پابندی ملک میں آنے والے زرِمبادلہ کو روکنے اور اوورسیز پاکستانیوں سے زیادتی کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے بھی ہمارے مؤقف سے اتفاق کیا ہے، لہٰذا فوری طور پر ان گاڑیوں سے پابندی کا خاتمہ کیا جائے۔

ملک ارشد اعوان نے معروف سماجی و کاروباری شخصیت حسن بخاری کا بھی اوورسیز پاکستانیوں کے اہم مسئلے کے حل کے لیے کوششوں پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک کروڑ اوورسیز پاکستانیوں کی آواز اقتدارِ اعلیٰ تک پہنچانے میں کردار ادا کرنے والوں کے ہم شکر گزار ہیں۔

قومی خبریں سے مزید