• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے فنکاروں کو چاہیے وہ معیار پر سمجھوتہ نہ کریں، جاوید شیخ

کراچی(این این آئی)پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ ہمارے ہاں فنکاروں کی حوصلہ افزائی اس طرح سے نہیں کی جا تی جس طرح سے کی جانی چاہیے ہمیشہ ہی اس معاملے میں کنجوسی سے کام لیا جاتا ہے۔ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ میں نے اپنے کیرئیر میں معیاری کام ہی کرنے کی کوشش کی اور کام کے معاملے میں سمجھوتہ نہیں کیا، نئے فنکاروں کو چاہیے کہ وہ معیار پر سمجھوتہ نہ کریں اور مختلف کردار کرنے کی کوشش کریں تاکہ ان کے کام میں نکھار آئے ،مختلف کام ہمیشہ کام میں نکھار کا باعث بنتا ہے اور بہت کچھ سیکھنے کا موقع بھی میسر آتا ہے۔جاوید شیخ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایک وقت تھا جب شوبز میں اتنا پیسہ نہیں تھا، ہم نے بہت سارے فنکاروں کو کمسپرسی کی حالت میں اس دنیا سے جاتے ہوئے دیکھا لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ آج شوبز میں پیسہ بہت زیادہ ہے فنکار معاشی طور پر بہتر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک فنکار جس نے ساری زندگی اپنے فن کو دی ہو اس کی عزت کی جانی چاہیے لیکن ہمارے ہاں تو دنیا سے جانے کے بعد ہی ایسا ہوتا ہے فنکار کو اس کی زندگی میں سراہیں اسکی حوصلہ افزائی کریں۔

دل لگی سے مزید