• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکریننگ ٹیسٹ کروانا کیوں ضروری ہوتا ہے؟

اسکریننگ ٹیسٹ ان لوگوں میں ممکنہ صحت کی خرابیوں یا بیماریوں کا پتہ لگانے کے لیے کیا جاتا ہے، جن میں بیماری کی کوئی علامت نہیں ہوتی۔ اس کا مقصد بیماری کے خطرے کو کم کرنے یا اس کا زیادہ مؤثر طریقے سے علاج کرنے کے لیے اس کا جلد پتہ لگانا اور طرزِ زندگی میں تبدیلیاں یا نگرانی کرنا ہے۔ 

عام طور پر دیکھا جاتا ہے کہ مختلف وجوہات کی بنا پر لوگ معالج کی جانب سے دیے گئے ہیلتھ اسکریننگ کے مشورے کو غیر ضروری سمجھتے ہوئے نظر انداز کردیتے ہیں، جوکہ نقصان دہ ہے۔ جانتے ہیں کیوں ؟ باقاعدگی سے کروائی گئی ہیلتھ اسکریننگ( جانچ ) خطرناک اور موذی بیماریوں کی شناخت و علاج میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ 

یوں سمجھ لیں کہ ہیلتھ اسکریننگ نہ صرف ایک حفاظتی تدبیر اور مؤثر اقدام ہے بلکہ صحت کو بہتر بنانے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔ اسکریننگ ٹیسٹ کی اہمیت کو جاننے کے لیے ایک مشہور مقولہ کا ذکر ضروری ہے، ’’ احتیاط علاج سے بہتر ہے‘‘۔

اسکریننگ ٹیسٹ دراصل ہے کیا ؟

اسکریننگ درحقیقت وہ خاص ٹیسٹ ہے، جو مرض لاحق ہونے سے پہلے کروایاجاتا ہے۔ اس ٹیسٹ کا مقصد ممکنہ مرض کی تشخیص کرکے اس کا سدباب کرنا ہے۔ اگر خدانخواستہ کسی مرض کا خدشہ ہے تو ہیلتھ اسکریننگ کسی بھی مرض کی علامات ظاہر ہونے سے قبل کروائی جاسکتی ہے تاکہ مرض کو مؤثر طریقے سے پہلے ہی ختم کرلیا جائے۔ 

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کسی انسان کو کونسے اسکریننگ ٹیسٹ کی ضرورت ہے۔ اس سوال کا دارومدار اس کی عمر، صحت، فیملی ہسٹری اور دوسرے عوامل پر منحصر ہے۔ آج کے مضمون میں ہم چند ایسے ہیلتھ چیک اَپ ٹیسٹ سےمتعلق معلومات شیئر کرنے جارہے ہیں جو صحت مند زندگی گزارنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔

بلڈپریشر اسکریننگ

امریکن ہارٹ ایسویسی ایشن کے مطابق جن افراد کا بلڈ پریشر80/120(بلڈ پریشر کی آئیڈیل رینج) سے کم رہتا ہے، انھیں کم ازکم ہر دو سال بعد بلڈ پریشر اسکریننگ ٹیسٹ کروانا چاہیے جبکہ 40 سال سے زائد ایسے افراد یا خواتین، جن میں ہائپر ٹینشن کے امکانات 20 سال کے افراد سے دگنے پائے جاتے ہیں، اس عمر میں ماہرین سالانہ بلڈ پریشر اسکریننگ ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ 40سال سے زائد افراد کے لیے سالانہ اسکریننگ ٹیسٹ کی وجہ عمر کے ساتھ ساتھ بڑھتے بلڈ پریشر کے خطرات ہیں۔

کولیسٹرول چیک اَپ

کولیسٹرول کا بڑھ جانا انسان میں قلبی امراض اور اسٹروک کے خطرات بڑھا دیتا ہے۔ چنانچہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق اگر آپ کی عمر 20 سال یا اس سے زائد ہے تو ہر ایک سے 5سال کے درمیان اپنا کولیسٹرول لیول ضرور چیک کروائیں۔ 

یاد رکھیں ایک صحت مند انسان کے لیے مثالی سطح 200mg/dl سے کم ہے۔ کولیسٹرول لیول چیک کرنے کے لیے بلڈ ٹیسٹ کیا جاتا ہے، جس کے لیے 12گھنٹے قبل تک کھانا پینا ترک کرنا پڑتا ہے یعنی فاسٹنگ ضروری ہے۔

اسکن ایگزیمینیشن

امریکن کینسر سوسائٹی کے مطابق خواتین و حضرات کو ہر ماہ گھر پر ہی اپنی جِلد کی جانچ پڑتال کرنی چاہیے۔ جانچ پڑتال کے لیے اپنے جسم کا مطالعہ کریں۔ جِلد پر بننے والے نئے تل (Mole) یا پہلے سے موجود تل کی رنگت، ساخت اور بناوٹ میں تبدیلی بھی جِلد کے کینسر کی علامات میں شامل ہیں۔

امریکن کینسر ایسوسی ایشن کے مطابق اگر آپ کی فیملی ہسٹری میں جسم پر جِلد کے کینسر میں مبتلا افراد شامل ہیں تو آپ کو اس حوالے سے سال میں ایک بار ڈاکٹر سے جِلد کے چیک اَپ کی سخت ضرورت ہے۔

میمو گرافی

عالمی ادارۂ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر آٹھویں خاتون چھاتی کے کینسر جیسے خطرنا ک مرض میں مبتلا ہے۔ اس مرض سےسالانہ پاکستان میں تقریباً 40ہزار خواتین جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں۔ میموگرافی ایکسرے کا طریقہ کار چھاتی کے کینسر کی تشخیص کے لیے دریافت کیا گیا ہے۔ یہ ایک طرز کا ایکسرے ہے جس کے ذریعے چند گھنٹوں میں کینسر کے مرض کا پتا چل جاتا ہے۔ میموگرافی کب کروانی چاہیے؟ 

اس کے متعلق کافی عرصے سے ایک لمبی بحث جاری ہے، تاہم یونائیٹڈ اسٹیٹس پریوینٹو سروس ٹاسک فورس (USPSTF) کی ایک حالیہ تجویز کے مطابق 50 سال میں قدم رکھنے والی تمام تر خواتین کو ہر دو سال میں کم ازکم ایک بار میموگرافی کروانی چاہیے۔ امریکن کینسر سوسائٹی کے مطابق خواتین کو 45 سال کی عمر سے سالانہ اسکریننگ کروانی چاہیے جبکہ 50 سال کی عمر تک میموگرافی کو لازمی قرار دیا جانا چاہیے۔ تاہم، اگر آپ کی فیملی ہسٹری میں چھاتی کے کینسر کے کیسز موجود ہیں تو آپ کو اپنے معالج کے مشورے سے مخصوص عمر سے قبل ہی میموگرافی کروالینی چاہیے۔

پیپ اسمیئرٹیسٹ

یونائیٹڈ اسٹیٹ پریوینٹو سروس ٹاسک فورس کے مطابق،21 سال کی عمر سے 65 سال کی عمر تک ہر 3 سال بعد خواتین کوپیپ اسمیئر (pap smeer) ٹیسٹ لازمی کروانا چاہیے۔ اس ٹیسٹ کے ذریعے رحم کے کینسر سے بآسانی محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ پیپ اسمیئر ٹیسٹ ایک پلاسٹک یا دھات سے بنے آلہ اسپیکیولم( speculum)کی مدد سے کیا جاتا ہے۔ 

اس آلہ کے ذریعے رحم کی اندرونی دیواروں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ یہ آلہ کچھ سیلز حاصل کرلیتا ہے جو رحم کے کینسر سے متعلق دریافت کرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

صحت سے مزید