کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور بی ایف اے فوڈ بزنس لائسنس کے بغیر اشیاء خوردونوش کا کاروبار کرنے پر مراکز کے خلاف کارروائیاں تیز کردیں،اس ضمن میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی معائنہ ٹیموں کی جانب سے کوئٹہ میں ایک معروف بیکری ، 8 ملک شاپس سمیت 23 ، تربت شہر میں 3 جبکہ صحبت پور میں 2 خوراک کے مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے ۔ کوئٹہ کے شہر کے وسط میں قائم مشہور بیکری کے خلاف گزشتہ ہدایات کے باوجود تیار بیکری آئٹمز پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ ظاہر نہ کرنے اور فوڈ بزنس لائسنس نہ ہونے پر کارروائی کی گئی جبکہ ملک شاپس کے خلاف دودھ میں ملاوٹ ناقص صفائی و لائسنس کی عدم دستیابی پر ایکشن لیا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں سرکلر روڈ ، سورج گنج بازار ، چمن ہاؤسنگ ، نواں کلی بائی پاس ، سرکی روڈ ، عدالت روڈ اور جوائنٹ روڈ میں بی ایف اے کی الگ الگ معائنہ ٹیموں نے مجموعی طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی اور لائسنس کے بغیر اشیاء کی تیاری و فروخت پر جن دیگر مراکز کے خلاف کارروائی کی ان میں بیکنگ یونٹس ، ہوٹل ، جنرل اسٹورز ، سپر اسٹورز اور نان بائی شاپس شامل تھیں۔ علاوہ ازیں تربت میں زونل فوڈ سیفٹی ٹیم مکران نے ایک جنرل اسٹور سے زائد المیعاد مصالحے برآمد کئے جبکہ ایک کیفے اور ایک ہوٹل کو بالترتیب ناقص صفائی ، باسی و بدبودار گوشت کی موجودگی ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے اور گندے واٹر اسٹوریج ٹینک سے صارفین کو آلودہ پانی فراہم کرنے پر جرمانہ کیا گیا ۔ اسی طرح صحبت پور میں زونل ڈائریکٹر بی ایف اے امداد علی نے ٹیم کے ہمراہ مراکز کی چیکنگ کرتے ہوئے 2 جنرل اسٹورز سے ممنوعہ چائنیز نمک اور غیر معیاری نان فوڈ گریڈ کلرز کی بڑی مقدار برآمد کرلی ، جنرل اسٹورز سے پکڑی گئی مضر صحت اشیاء ضبط کرکے جرمانے عائد کئے گئے ۔