• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
مِس مارول کراچی پہنچ گئیں
مِس مارول کراچی پہنچ گئیں

ڈزنی کی مسلمان سُپر ہیرو پر بنی ویب سیریز ’مِس مارول‘ کی کراچی آمد دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین دنگ رہ گئے۔

سیریز میں پاکستانی کینیڈین ایمان ویلانی فرنچائز کی پہلی پاکستانی اور مسلم سُپر ہیرو ’کمالہ خان‘ کا کردار نبھا رہی ہیں جن کی چوتھی قسط میں شہرِ قائد میں انٹری ہوئی ہے۔

مسلمان سُپر ہیرو پر بنی ویب سیریز ’مِس مارول‘ نے نوعمر سُپر ہیرو کمالہ خان کی خوابیدہ دنیا کو حقیقی زندگی میں لانے کے لیے ایک اضافی سفر طے کیا ہے اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ مِس مارول کی 4 اقساط شاندار بصری اور سنسنی خیز ڈیبیو کے ساتھ اعلیٰ ترین مقام پر ہے۔

سیریز کی چوتھی قسط میں کمالہ خان کو اپنے خاندان کی تاریخ جاننے کے لیے دنیا بھر کا سفر کرتے دیکھا گیا ہے، اسی دوران وہ کراچی کا دورہ بھی کرتی نظر آئی ہیں۔

سُپر ہیرو کمالہ خان کو کراچی میں اپنی سُپر پاورز کو مزید دریافت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تصاویر سے واضح ظاہر ہوتا ہے کہ سیریز ’مِس مارول‘ میں کراچی کی بہترین منظر کشی کی گئی ہے اور پاکستانی مداح  میٹرو پولیٹن شہر کو سیریز میں دیکھ کر بےحد خوش ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ مارول اسٹوڈیوز کی اس ٹی وی سیریز کی ہدایات شرمین عبید چنائے کے علاوہ مزید تین نامور ہدایت کار عدیل العربی، بلال فلاح اور بھارتی نژاد امریکی خاتون میرامینن نے دی ہیں۔

مس مارول کا پریمیئر 4 جون کو لاس اینجلس میں ہوا تھا جس میں پاکستان سے مہوش حیات، نمرہ بچہ، ثمینہ احمد ، وردہ عزیز اور ساگر شیخ نے سیریز کی ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے کے ساتھ شرکت کی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید