فٹ بال کی عالمی تنطیم فیفا نے پاکستان کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان فیفا نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں ایک سال کی توسیع بھی کردی ہے۔
اس طرح عرصے سے پاکستان فٹ بال پر انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کا سلسلہ بھی شروع ہوجائے گا اور قومی فٹ بال پر پر چھائے سیاہ بادل بھی چھٹ جائیں گے۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی (این سی) کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا ہے کہ فیفا نے پاکستان کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کرتے ہوئے پاکستان فٹبال پر عائد پابندیاں بھی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیموں پر انٹرنیشنل فٹبال کے دروازے کھل گئے ہیں اور ملکی سطح پر فٹبال سرگرمیوں کا سلسلہ بھی بحال ہوگا۔
ہارون ملک کا مزید کہنا تھا کہ فیفا کی جانب سے موصول ہونے والے خط میں فیفا نے این سی کے مینڈیٹ میں بھی ایک سال کی توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی فٹبال کی بحالی، پی ایف ایف الیکشنز کا انعقاد اور اثاثہ جات کی واپسی اولین ترجیح ہو گی۔