محکمۂ موسمیات کی جانب سے پیشگوئیاں، پیش بندیاں اور وارننگز سب دھری کی دھری رہ گئیں، کراچی میں بادل ابھی تک برس نہیں سکے، تاہم اب محکمہ موسمیات نے آج شام یا رات سے بارش کی پھر سے پیشگوئی کی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز احمد نے کہا ہے کہ مون سون سسٹم مشرقی سندھ، راجستھان اور بحیرۂ عرب میں موجود ہے، جو آج شام یا رات کو آندھی اور بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بارش کا پہلا سسٹم 5 جولائی تک سندھ پر اثر انداز رہے گا، پہلے مون سون سسٹم کے پیچھے ایک اور سسٹم بھی موجود ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق دوسرا اسپیل پہلے سسٹم کےختم ہونے کے 18 گھنٹے بعد اثر انداز ہو سکتا ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، اس دوران بارش کا بھی امکان ہے، شہرِ قائد کا کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے ہوائیں 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا موجودہ تناسب 75 فیصد ہے۔
دوسری جانب شہر میں نالوں کی صفائی اب تک ادھوری ہے، اہم شاہراہوں اور عمارتوں پر لگے بل بورڈز اور ہورڈنگز بھی تاحال ہٹائے نہیں جاسکے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج سندھ کے زیریں علاقوں اور بلوچستان میں بھی بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب، بالائی خیبر پختون خوا اور کشمیر میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔