جامنی بند گوبھی جسے سُرخ گوبھی بھی کہا جاتا ہے ایک غذائیت سے بھرپور سبزی ہے، جو پوری دنیا میں کھائی جاتی ہے، جامنی گوبھی میں نسبتاً زیادہ غذائی اجزاء اور کم کیلوریز ہوتی ہیں جو وزن کم کرنے کے خواہش مند لوگوں کے لیے ایک مثالی سبزی سمجھی جاتی ہے۔
یہ سُرخ سبزی غذائی ریشوں، اچھے معیار کے کاربوہائیڈریٹس، پوٹاشیم، وافر مقدار میں وٹامنز اور دیگر ضروری معدنیات کا پاور ہاؤس ہے، گوبھی کا سیاہ روغن اینٹی آکسیڈنٹس کی اعلیٰ سطح کی نشاندہی کرتا ہے، جو آکسیڈیٹیو تناؤ کو کم کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔
خاص طور پر جامنی گوبھی میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹ اینتھوسیانن کی اعلیٰ سطح کینسر اور دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرتی ہے، ان کے علاوہ جامنی بند گوبھی کھانے کے بھی بے شمار صحت کے لیے فائدے ہیں جن میں سے کچھ ذیل میں درج ہیں۔
جامنی گوبھی کے صحت سے متعلق کرشماتی فوائد:
ہاضمے کیلئے مفید:
جامنی گوبھی میں کیلوریز کم اور غذائی ریشہ زیادہ ہوتا ہے، اس طرح یہ ہاضمے کے عمل میں مؤثر طریقے سے مدد کرتی ہے، پکی ہوئی بند گوبھی کھانے سے پیٹ کی بیماریوں جیسے بدہضمی اور قبض سے بچا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، غذائی ریشے اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ آپ ہضم کے عمل کو سُست کر کے زیادہ دیر تک سیر رہیں، یہ بھوک کی تکلیف اور کھانے کی خواہش کو روکنے میں مدد کرتی ہے جس سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
بلڈ پریشر کو کنٹرول رکھتی ہے:
جامنی گوبھی کا باقاعدگی سے استعمال ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد کو فائدہ پہنچا سکتا ہے، گوبھی میں پوٹاشیم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو دل میں بلڈ پریشر کو منظم اور برقرار رکھنے کے لیے جانا جاتا ہے، اس لیے اس غذائیت سے بھرپور سبزی کو کھانے سے دل کی بیماریوں سے بھی بچا سکتا ہے۔
جِلد کیلئے مفید:
گوبھی کی یہ قسم اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہے اور اس وجہ سے، یہ آپ کی جِلد کے لیے بہت اچھی ہے، اینٹی آکسیڈنٹس آپ کی جِلد کو لمبے عرصے تک جوان رکھنے میں مدد کرتے ہیں اور باریک لکیروں اور جھریوں کی ظاہری شکل کو روکتے ہیں۔
جامنی بند گوبھی وٹامن سی کی خوبیوں سے بھری ہوئی ہے اور ہم سب جانتے ہیں کہ یہ وٹامن جِلد کو دیر تک چمکدار رکھنے کے لیے کتنا ضروری ہے۔
قوتِ مدافعت کو بہتر کرتی ہے:
جامنی بند گوبھی میں نارنجی سے زیادہ وٹامن سی ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر بھی بیماریوں سے پاک رہنے کے لیے اس سبزی کو روزانہ کھانے کا مشورہ دیتے ہیں، گوبھی میں موجود وٹامن سی، وٹامن اے اور اینٹی آکسیڈنٹس آپ کے مدافعتی نظام کو بہتر اور مضبوط بناتے ہیں، یہ جسم سے زہریلے مادوں کو باہر نکالنے میں مدد کرتے ہیں اور اس وجہ سے آپ کا میٹابولزم بہتر بنتا ہے جبکہ وٹامن اے آپ کی بینائی کو بہتر بنانے میں بھی مدد کرتا ہے۔
ہڈی اور پٹھوں کو مضبوط کرتی ہے:
کچی گوبھی کھانے سے آپ کی ہڈیوں کو مضبوط بنانے اور جوڑوں کے درد اور سوزش کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے، اس میں وٹامن کے، پوٹاشیئم اور دیگر معدنیات پائی جاتی ہیں جو ہڈیوں اور پٹھوں کے کام کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہیں۔