سُنہرے اور صحت مند، سورج مکھی کے تیل میں دوسری سبزیوں کے تیل سے زیادہ وٹامن ای ہوتا ہے، یہ تیل قدرتی طور پر سورج مکھی کے بیجوں سے نکالا جاتا ہے۔
سورج مکھی کا تیل خاص طور پر وٹامن ای اور اومیگا 6 سے بھرپور ہوتا ہے جو صحت کے لیے انتہائی مفید ہیں، اپنی روزمرہ کی ضرورت کے لیے کھانا پکانے کے تیل کا انتخاب کرتے وقت یہ یقینی بنانا چاہیے کہ یہ مونو سیچوریٹڈ فیٹس اور پولی ان سیچوریٹڈ فیٹس دونوں کا ایک اچھا ذریعہ ہو۔
یہ تجویز کیا جاتا ہے کہ خوراک میں مختلف قسم کے تیلوں کا ایک اچھا مرکب رکھنا چاہیے، مختلف کھانوں کے لیے زیتون کا تیل، سرسوں کا تیل، سویا بین، تِلوں کا تیل، سورج مکھی کا تیل، یہاں تک کہ مونگ پھلی کا تیل بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سورج مکھی کے تیل میں صحت کے حوالے سے حیرت انگیز فوائد پائے جاتے ہیں۔
سورج مکھی کے تیل کے کچھ ناقابلِ یقین فوائد:
دل کی صحت کو فروغ دیتا ہے:
سورج مکھی کے تیل میں 80 فیصد سے زیادہ مونو سیچوریٹڈ چکنائی ہوتی ہے جو اسے دل کے لیے اچھا بناتی ہے، سورج مکھی کے تیل میں موجود فیٹی ایسڈ کا اثر جسم میں چکنائی کا توازن برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے، مزید برآں، اس میں کوئی سیر شدہ چکنائی نہیں ہوتی۔
جِلد کیلئے مفید:
سورج مکھی کا تیل وٹامن اے اور وٹامن ای سے بھرپور ہوتا ہے جو جِلد کی صحت کو فروغ دینے میں مدد کرتا ہے، یہ وٹامنز اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر کام کرتے ہیں، جو جِلد کے خراب خلیوں کو دوبارہ پیدا کرنے اور مہاسوں کی وجہ سے بیکٹیریا سے نجات دلانے میں مدد کرتے ہیں۔
یہ تیل ہلکا اور غیر چکنائی والا ہوتا ہے، سورج مکھی کا تیل قدرتی موئسچرائزر کے طور پر بھی کام کرتا ہے اور خشک، حساس جِلد کے علاج میں مدد کرتا ہے۔
توانائی بڑھانے کا سبب:
اگرچہ سیر شدہ چکنائی سُستی کا احساس دلا سکتی ہے، جبکہ غیر سیر شدہ چربی توانائی بخشتی ہے، یہ جگر سے خون میں گلائیکوجن کے اخراج میں مدد کرتا ہے، گلائیکوجن چینی کی ایک قسم ہے جو فوری توانائی کو اضافی فروغ دیتی ہے۔
خوبصورت بالوں کے لیے:
سورج مکھی کا تیل خشک اور روکھے بالوں کو نرم کرنے میں مدد کرتا ہے اور بالوں کی چمک میں اضافہ کرتا ہے، یہ بہت ہلکا ہونے کے باعث کنڈیشنر کے طور پر کام کرتا ہے، نرم، ریشمی بالوں کے لیے ہفتے میں ایک بار سورج مکھی کے تیل سے مساج کیا جا سکتا ہے، سورج مکھی کا تیل گاما الفا لینولینک ایسڈ (جی ایل اے) سے بھی بھرپور ہوتا ہے جو بالوں کو گِرنے سے روکتا ہے۔
مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے:
سورج مکھی کا تیل اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے، یہ جسم کی انفیکشن سے بچاؤ کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے، سورج مکھی کے تیل میں پروٹین بھی ہوتے ہیں جو ٹشوز کی تعمیر اور مرمت میں مدد کرتے ہیں۔
ہاضمہ بہتر کرتا ہے:
سورج مکھی کا تیل انتہائی ہلکا، ہضم کرنے میں آسان اور بہتر طور پر جذب ہوتا ہے، سورج مکھی کے تیل میں ہلکی جلاب کی خصوصیات بھی ہوتی ہیں جو قبض کے خاتمے میں مدد دیتی ہیں۔