جنسی ہراسانی اور بلیک میل ہوکر پی ٹی آئی کے کیسز بند کرنےکا الزام سامنے آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے سابق چیئرمین نیب اور سربراہ لاپتا افراد کمیشن جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف انکوائری کا اعلان کردیا۔
جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ ایسا شخص کسی عہدے پر رہنے کے قابل نہیں ہے۔
رانا مشہود نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ چیئرمین نیب کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا، ایک خاتون کی مجبوری کا فائدہ اٹھا کر ایک بندے کو بلیک میل کیا گیا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عہدوں پر بیٹھے ہوئے لوگ اگر خواتین سائل کا اس طرح استحصال کریں تو ان کے پاس کیا فورم ہے؟
رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان پر ایک ایسا شخص مسلط ہوا تھا جو اپنے مقاصد کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ اس معاملے کی مکمل انکوائری کی جائے گی، پی اے سی میں بھی معاملہ اٹھایا گیا ہے۔