• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائبرڈ کنسٹرکشن سے زیادہ پائیداری اور کم کاربن اخراج

ہائبرڈ کنسٹرکشن میں کم وقت اور محدود بجٹ میں رہتے ہوئے اعلیٰ معیار کی پائیدار عمارتیں تعمیر کرنے کے لیے خصوصی عمارتی ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے۔ کافی آسانی سے نئی ٹیکنالوجیز کنکریٹ کی تعمیر اور روایتی اسٹیل کو پری کاسٹ کنکریٹ عناصر کے ساتھ جوڑتی ہیں، جوکہ ایک کنٹرولڈ ماحول میں تیار ہوتے ہیں۔ ہائبرڈ کنسٹرکشن تعمیراتی صنعت کے لیے زیادہ پائیدار مستقبل کی شروعات کر رہی ہے۔ 

یہ نیا طریقہ تعمیراتی کمپنیوں کو اپنے موجودہ تعمیراتی طریقوں کو تیزی سے اَپ ڈیٹ کرنے کی پریشانی میں پڑے بغیر زیادہ پائیدار طریقے سے تعمیرات کی اجازت دیتا ہے۔ نتیجے کے طور پر، تعمیراتی سرگرمیوں سے وابستہ اخراج کو کم کرنے کے اثرات کے ساتھ تعمیراتی صنعت ہائبرڈکنسٹرکشن کو تیزی سے اپنانے کی پوزیشن میں ہے۔

مزید پائیدار عمارت کے طریقوں کی ضرورت

تعمیراتی صنعت کی نوعیت ایسی ہے کہ یہ ماحولیات کے لیے تباہ کن ہے۔ اس میں بڑی مقدار میں تعمیراتی مواد کی ضرورت ہوتی ہے، جسے نکالنا اور اس کی نقل و حمل عام طور پر ماحول کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے۔ تعمیراتی صنعت اس وقت دنیا کی کل توانائی اور پروسیس سے متعلق کاربن ڈائی آکسائیڈ (CO2) کے اخراج میں 39فیصد حصہ رکھتی ہے، جس میں سے 11فیصد تعمیراتی مواد اسٹیل، سیمنٹ اور شیشے جیسے تعمیراتی مواد کی تیاری سے متعلق ہے۔ اب جبکہ تمام صنعتیں اپنے کاربن فٹ پرنٹ کو کم کرنے اور اپنی پائیداری کو بہتر بنانے کے لیے پہلے سے زیادہ توجہ دے رہی ہیں، ایسے میں تعمیراتی صنعت بھی نئے طریقے تلاش کر رہی ہے جن کے ذریعے کم ماحولیاتی اثرات کے ساتھ تعمیرات کی جاسکیں۔

تعمیراتی صنعت میں کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے کئی طریقے ہیں۔ مثال کے طور پر، مواد کی پیداوار اور نقل و حمل کے موجودہ معیار کو تبدیل کرنا کاربن کے اخراج کو نمایاں طور پر کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ حالیہ اعداد و شمار سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کنکریٹ پر ہمارا انحصار ہر سال 2.8 ارب ٹن سے زیادہ کاربن کو فضا میں شامل کرنے کا ذمہ دار ہے اور اس کی بڑھتی ہوئی مانگ اعداد و شمار کو مزید خراب کرنے کا باعث بنے گی۔ مزید برآں، تعمیراتی صنعت مجموعی طور پر دنیا کی توانائی کا 36فیصد استعمال کرتی ہے اور اس کے پاور ٹولز اور نقل و حمل میں فوسل فیول کے استعمال کی بدولت اس کا انتہائی زیادہ اخراج والے شعبوں سے تعلق ہے۔

تعمیراتی صنعت میں کاربن اخراج کے مسئلے سے نمٹنے اور اسے زیادہ ماحول دوست بنانے کی استعداد کی وجہ سے تعمیرات میں پائیداری زیادہ توجہ حاصل کر رہی ہے۔ پائیدار تعمیرات کا مقصد تعمیراتی عمل کے ہر مرحلےمیں توانائی کے استعمال اور فضلہ کو کم کرنا ہے، تاکہ نئے عمل کو نافذ کرکے ایک ایسی صنعت بنائی جاسکے جس کا ماحول پر بہت کم اثر پڑے۔

پائیدار تعمیرات میں ہائبرڈ کنسٹرکشن کا کردار

ہائبر ڈ کنسٹرکشن عمارت کا وہ تصور ہے جو ایک ہی اسٹرکچرل کارکردگی کو حاصل کرنے کے لیے مواد کے امتزاج کا استعمال کرتا، تعمیراتی منصوبے کی پائیداری کو بڑھاتا اور اس کے کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کرتا ہے۔ مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ ہائبرڈ اسڑکچرز تعمیراتی طور پر مضبوط، کم خرچ، پائیدار ہوتے ہیں، ساتھ ہی یہ روایتی تعمیرات کی طرح ہی مختلف ساخت کے تیار کیے جاسکتے ہیں۔ 

اگرچہ ہائبرڈ کنسٹرکشن پر منتقل ہونے سے وابستہ ابتدائی اخراجات اکثر زیادہ لگتے ہیں، لیکن یہ اخراجات وقت کے ساتھ ساتھ متوازن ہو جاتے ہیں اور آخر کار ہائبرڈ کنسٹرکشن روایتی طریقوں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر سرمایہ کاری ثابت ہوتی ہے۔ مزید برآں، ہائبرڈ کنسٹرکشن کمپنیوں کو عمارت کی تعمیر کا ایک ایسا طریقہ پیش کرتا ہے، جس سے وہ زیادہ پائیداری اور کم اخراج کے فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔

ہائبرڈ کنسٹرکشن ہر تعمیراتی مواد سے بہترین خصوصیات حاصل کرتا ہے۔ ہائبرڈ ڈھانچہ کی تعمیر کے لیے لکڑی کو بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے لیکن بعض اوقات دیگر مواد جیسے اسٹیل یا کنکریٹ کے ساتھ ملانا ضروری ہوتا ہے۔ لکڑی کمپریشن کے لیے بہترین ہے اور اسٹیل تناؤ کے لیے بہت اچھا ہے اور یہ دونوں مل کر ایک بہت مضبوط عمارت بناسکتے ہیں۔

لکڑی اور کنکریٹ ایک ساتھ مل کر اچھی طرح کام کرتے ہیں، کنکریٹ اکثر بنیادیں اور سروس کور فراہم کرتا ہے۔ بلند عمارتوں کی تعمیر میں ہائبرڈ کنسٹرکشن عام ہے کیونکہ یہ عموماً جمالیاتی طور پر خوشنما، لاگت میں کم اور پائیدار عمارتوں کی تعمیر یقینی بناتی ہے۔ زیادہ پیچیدہ ڈیزائن کے لیے ہائبرڈ کنسٹرکشن خاص طور پر فائدہ مند ہے۔

اس کے علاوہ، ہائبرڈ کنسٹرکشن تعمیراتی عناصر کو سائٹ کی جگہ سے ہٹ کر تعمیرات کی سہولت فراہم کرتی ہے، جس کے نتیجے میں تعمیر کے وقت، شور کی آلودگی اور فضلہ میں کمی آتی ہے۔ ایسے مینوفیکچررز جو جلد از جلد ہائبرڈ کنسٹرکشن میں شامل ہورہے ہیں، ان کو تعمیراتی شعبے میں تیز رفتار ترقی سے فائدہ پہنچنے کا امکان ہے، جیسا کہ اس حوالے سے ماہرین کی جانب سے پہلے ہی پیش گوئی کی جاچکی ہے۔ ہائبرڈ کنسٹرکشن کے منصوبوں سے پتا چلتا ہے کہ یہ زیادہ ماحول دوست اور کم اخراج کا باعث ہوتے ہیں۔ انہیں تعمیراتی طریقوں کو تبدیل کیے بغیر بآسانی اپنایا جا سکتا ہے۔