سابق صدر آصف زرداری کے دبئی روانہ ہونے پر ان کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کا سوشل میڈیا پر بیان سامنے آ گیا۔
گزشتہ روز آصف زرداری غیر ملکی ایئر لائن سے دبئی روانہ ہوئے تو سوشل میڈیا پر ’دبئی‘ ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تعجب کا اظہار کیا گیا کہ ملک کی موجودہ صورتِ حال کے باوجود بھی آصف زرداری دبئی کیوں گئے ہیں؟
اب بختاور بھٹو زرداری نے ان خبروں پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔
بختاور بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹ میں سوالیہ انداز میں کہا ہے کہ آصف زرداری 11 سال جیل سے نہیں بھاگے تو اب کیوں بھاگیں گے؟
اُنہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے ہر دورِ حکومت میں عدالتوں کا سامنا کیا، ڈکٹیٹرز کا بھی سامنا کیا لیکن وہ ملک سے بھاگے نہیں۔
بختاور بھٹو نے دبئی جانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اپنے نواسے کا پہلا جنم دن منانے دبئی پہنچے ہیں، وہ اپنے نواسے کے ساتھ وقت گزارنے یہاں دبئی آئے ہیں۔
اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ آصف زرداری کا یہ وزٹ پچھلے مہینے طبی وجوہات کے باعث نہیں ہو سکا تھا۔