کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سنسنی خیز ہاکی میچ 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔
پاکستان نے پول اے میں ایک پوائنٹ حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کرلی، قومی ٹیم کل نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
پہلے کوارٹر میں جنوبی افریقا نے برتری حاصل کی، دوسرے کوارٹر میں پاکستان کے رضوان علی نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا۔
میچ کے تیسرے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور آخری کوارٹر میں پاکستانی گول کیپر کی غلطی کے سبب جنوبی افریقا کو پنالٹی شوٹ ملا جس پر جنوبی افریقہ نے گول کرکے دو، ایک کی برتری حاصل کرلی۔
کھیل کے آخری لمحات میں پاکستان کو ایک اور پنالٹی کارنر ملا جس کا حریف گول کیپر نے کامیابی سے دفاع کیا لیکن وہاں افراز کی پھرتی کام آگئی اور وہ گیند کو جال میں پہنچانے میں کامیاب رہے۔
یوں مقابلہ 2-2 گول کی برابری پر ختم ہوا پاکستان نے اپنے پول میں ایک پوائنٹ حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
پاکستان اپنا دوسرا میچ اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔