• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، حجم 9 ارب ڈالرز ہوگیا: مسعود خان


پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکا میں پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد حجم 9 ارب ڈالرز ہو گیا، جبکہ 9 ارب ڈالرز کی پاکستانی برآمدات میں سالانہ 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اپنے ایک بیان میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ گزشتہ سال امریکا کے لیے پاکستانی برآمدات 7 ارب ڈالرز تھیں جبکہ 9 ارب ڈالرز کی پاکستانی برآمدات میں اشیاء کی تجارت 6.8 ارب ڈالرز رہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ سروسز بشمول آئی ٹی کی برآمدات 2.2 ارب ڈالرز رہیں، پاکستان سے 1.4 ارب ڈالرز کی آئی ٹی مصنوعات امریکا برآمد کی گئیں۔

مسعود خان نے بتایا کہ 22-2021ء میں امریکا سے درآمدات 3 ارب ڈالرز رہیں جبکہ گزشتہ سال درآمدات 2.4 ارب ڈالرز تھیں، اس سال پاک امریکا کے مابین کل تجارتی حجم بڑھ کر 12 ارب ڈالرز ہو گیا۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال پاک امریکا تجارتی حجم تقریباً ساڑھے 9 ارب ڈالرز تھا اور اگر برآمدات میں 35 فیصد سالانہ اضافہ جاری رہا تو آئندہ 3 سال میں پاک امریکا تجارتی حجم 20 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گا۔

مسعود خان نے یہ بھی بتایا ہے کہ گزشتہ 1 سال میں پاکستانی ٹیک اسٹارٹ اپس نے 800 ملین ڈالرز کمائے، ان میں سے 60 فیصد کو امریکی وینچر کیپیٹل کمپنیوں کی جانب سے فنڈنگ فراہم کی گئی۔

تجارتی خبریں سے مزید