کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ ضلع کوئٹہ کے رہنماوں نے سپریم کورٹ کے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ مسترد اور چوہدری پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب قرار دینے کو تاریخی فیصلہ اور حق وسچ کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب امپورٹڈ حکمرانوں کے پاس اب عام انتخابات کے فوری انعقاد کے سوا کچھ راستہ نہیں ،یہ بات انصاف یوتھ ونگ ضلع کوئٹہ کے صدر نظر ذدران ، کوئٹہ ریجن کے صدر سعید خان کاکڑ ، سیکرٹری جنرل عزیز خان کاکڑ ، ژوب ریجن کے صدر نور کاکڑ ، ابراہیم کاکڑ ، ڈاکٹر سلیمان شاہ ، طارق عزیز ناصر نے منان چوک پر مظاہرئے سے خطاب کرتے ہوئے کہی،قبل ازیںپاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ مسترد اور چوہدری پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب قرار دینے کے فیصلے کی خوشی میں منان چوک پر مظاہرہ کیا گیا ، قبل ازیں ضلع کوئٹہ کے صدر نظر زدران کی قیادت میں ائیرپورٹ روڈ سے ریلی نکالی گئی جو ائیرپورٹ روڈ ، سمنگلی روڈ ، زرغون روڈ ، سرکلر روڈ سے ہوتی ہوئی منان چوک پہنچ کر مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی اس موقع پر انصاف یوتھ ونگ کے کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور مٹھائی تقسیم کی ، اس موقع پر مقررین نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کا پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ مسترد کرنا اور چوہدری پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب قرار دینا تاریخی فیصلہ اور حق وسچ کی فتح ہے ۔