امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ اس دورے کا مقصد ایک آزاد انڈو پیسیفک خطے کا فروغ ہے۔
تائیوان پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ ہمارا دورہ تائیوان کسی بھی طرح امریکا کی طویل عرصے سے جاری پالیسی سےمتصادم نہیں۔ تائیوان سے متعلق ’اسٹیٹس کو‘ میں امریکا کسی بھی یکطرفہ تبدیلی کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریسی وفد کا دورہ تائیوان جمہوریت کے لیے امریکا کی غیر متزلزل حمایت کا عکاس ہے۔
اعلیٰ امریکی عہدیدار نے کہا کہ تائیوانی قیادت سے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو فروغ دینے پر بات ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ تائیوانی قیادت کے ساتھ بات چیت امریکا تائیوان شراکت داری کی توثیق پر مرکوز ہوگی۔
اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ بات چیت میں آزاد انڈوپیسیفک ریجن کی ترقی پر بھی توجہ مرکوز ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ تائیوانی عوام کے ساتھ امریکا کی یکجہتی آج پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیا کو آمریت اور جمہوریت کے درمیان انتخاب کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تائیوان کی قیادت کے ساتھ ہماری بات چیت مشترکہ مفادات کے فروغ اور حمایت کی تائید ہے۔