بھارتی ریاست راجستھان میں پیٹرول پمپ مالک نے پلاسٹک کی تھیلیاں جمع کرنے کے عوض سستا پٹرول دینے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اشوک کمار نامی پیٹرول پمپ کے مالک نے یہ پیشکش پلاسٹک شاپر کے استعمال کے باعث بڑھتی آلودگی سے نمٹنے کے لیے دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ شہری استعمال شدہ تھیلیاں جمع کروا کر 1 روپے سستا پیٹرول حاصل کر سکتے ہیں، قدرتی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اس طرح کی مہم ناگزیر ہے۔
پیٹرول پمپ کے مالک نے 15 جولائی سے 3 ماہ کے لیے اس مہم کا آغاز کیا تھا، اس کے لیے انہوں نے ایک ڈیری برانڈ کے ساتھ معاہدہ بھی کیا تھا۔
اب تک پمپ پر شہری 700 سے زائد پلاسٹک کی تھیلیاں جمع کروا کر سستا پیٹرول حاصل کر چکے ہیں۔
مذکورہ پمپ پر پلاسٹک کی بوتلوں کے بدلے میں بھی سستا پیٹرول دیا جا رہا ہے۔
پیٹرول پمپ کے مالک کا کہنا ہے کہ ابھی لوگوں میں معلومات کی کمی کے باعث اچھا فیڈبیک نہیں مل رہا، اس لیے ممکنہ طور پر اس مہم کو مزید 6 ماہ جاری رکھیں گے۔