• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور UAE صدر کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (این این آئی، اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے یو اے ای کی جانب سے ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں اٹلی سے تعاون میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان اور ہیلی کاپٹر حادثہ میں فوجی جوانوں کی شہادت پر بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کو کئی سالوں سے فراہم کی جانے والی معاونت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امارات کی جانب سے پاکستان میں مختلف اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے حالیہ اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جن کی جڑی مشترکہ اعتقاد، اقدار اور ثقافت سے جڑی ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید