• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی شہر کو اسٹریٹ کرائم سے پاک کرنا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی شہر کو اسٹریٹ کرائم سے پاک کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت امن و امان پر اجلاس ہوا، جس میں آئی جی پولیس غلام نبی میمن، سیکریٹری داخلہ سعید منگنیجو، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اوڈھو اور وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران ایڈیشنل آئی جی پولیس نے بتایا کہ شہر میں پولیس پیٹرولنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا تھا کہ موبائل فون کے چھیننے کی وارداتوں میں کمی آئی ہے، جون میں 26 موبائل چھینے گئے اور جولائی میں 86 وارداتیں ہوئیں۔

ایڈیشنل آئی جی کے مطابق جون میں کراچی سے 4195 موٹرسائیکل چھینی گئیں اور جولائی میں 3840 چھینی گئیں، اب چھینے گئے سامان کی وصولی بھی بہتر ہو رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے تین تلوار پر کار کو لوٹنے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری پر پولیس کو سراہا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سوال کیا کہ کشمور سے تین لڑکے اغوا ہوئے تھے ان کا کیا ہوا؟

اس پر آئی جی سندھ نے کہا کہ واقعے میں تین لڑکے زخمی ہوئے تھے، ایک اغوا ہوا، اغوا کاروں کی نشاندہی ہوگئی ہے، جلد لڑکا بازیاب ہوجائے گا اور اغوا کار بھی گرفتار ہوجائیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اغوا کے واقعات کی روک تھام کیلئے ڈکیتوں کا گھیرا تنگ کیا جائے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس ہر صورت غیر قانونی تجاوزات کے خلاف اقدامات کرے، وزیر اعلیٰ نے سندھ میں لینڈ گریبرز کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

قومی خبریں سے مزید