• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر اور وزیراعظم کی ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت

کولاج فوٹو فائل
کولاج فوٹو فائل

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں بھی کیں۔ 

صدر عارف علوی نے نائیک عاطف اور سپائی قیوم کے درجات کی بلندی کے لیے جبکہ زخمی میجر عمر کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ 

اس حوالے سے اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے بھی ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ 

وزیرِاعظم نے نائیک عاطف اور سپاہی قیوم کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں زخمی میجر عمر کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم ملک کی حفاظت کے لیے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں، پوری قوم کی دعائیں شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے کھوسٹ میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا گیا جس میں ہونے والی جھڑپ میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے تھے۔

قومی خبریں سے مزید