بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ پاکستان بمقابلہ بھارت میرے لیے صرف اور صرف ایک میچ ہے۔
سابق بھارتی کھلاڑی سارو گنگولی نے حال ہی میں بھارتی میڈیا ’انڈیا ٹوڈے‘ کو ایک خصوصی انٹرویو دیا۔
اس دوران اُنہوں نے ایشیا کپ 2022ء کے سلسلے میں ہونے والے 28 اگست کے میچ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان بمقابلہ پاکستان میرے لیے صرف ایک اور میچ ہوگا، ایشیا کپ میں جس طرح دوسری ٹیمز کے ساتھ میچ ہیں اسی طرح اُن میں سے ایک میچ یہ بھی ہوگا، پاک بھارت میچ پر زیادہ توجہ نہیں ہے۔
سارو گنگولی نے کہا کہ مجھے بھارتی ٹیم سے بہت امیدیں ہیں، ایشیا کپ صرف ایک ٹیم یعنی پاکستان کا سامنا کرنے سے متعلق نہیں ہے، مجھے یقین ہے کہ بھارت ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔
بی سی سی آئی کے صدر نے پاک بھارت میچ کے بطور ایک ٹاکرے کے خیال کو مسترد کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ ٹورنامنٹ کا صرف ایک میچ ہوگا، انہوں نے اپنے دور میں بھی کبھی پاک بھارت میچ کو خاص نظر سے نہیں دیکھا کیوں کہ اُن کی ہمیشہ اپنی ٹیم کی کارکردگی اور ٹورنامنٹ جیتنے پر ہوتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم ایک مضبوط ٹیم ہے، حالیہ میچز میں بھی بھارتی ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ اب ٹیم ایشیا کپ میں بھی اچھی کارکردگی پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021ء میں پاکستان سے ہارنے کے بعد سارو گنگولی نے کہا تھا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ ہر وقت بھارت ہی بڑے ایونٹس جیتے۔
انہوں نے بھارتی ٹیم کو مشورہ دیا تھا کہ پاکستان کے خلاف شکست کو بھلا کر ٹورنامنٹ میں آگے آنے والے میچز پر فوکس کریں۔
سارو گنگولی نے کہا تھا کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان کے خلاف 10 وکٹوں سے شکست کو بھولنا ہوگا، ابھی ایک میچ ہوا ہے، بھارتی ٹیم کم بیک کرسکتی ہے۔