• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال:۔ میری دادی کی عمر اسّی سال سے اوپر ہے۔ جب وہ صحت مند تھیں تو کوئی نماز نہیں چھوڑتی تھیں۔ اب علالت کے باعث کافی عرصے سے بستر پر ہیں۔ اس حوالے سے سوال یہ ہے کہ وہ بستر پر نماز کس طرح پڑھیں؟

جواب:۔ اگر وہ کھڑے ہوکر یا بیٹھ کرنماز نہیں پڑھ سکتیں یا کھڑے کھڑے یا بیٹھے بیٹھے پڑھ سکتی ہیں، مگر ناقابلِ برداشت تکلیف ہوتی ہے یا تکلیف تو نہیں ہوتی، مگر بیماری لگ جانے کا خطرہ ہے یا صحت مند ہونے میں دیر ہونے کا اندیشہ ہے تو لیٹ کر اشارے سے نماز پڑھیں۔ بہتر یہ ہے کہ کمر کے بل لیٹیں اور اپنے دونوں پاؤں قبلے کی طرف پھیلائیں۔

ہمارے ملک میں چونکہ قبلہ مغرب کی طرف ہے، اس لیے مشرق کی طرف سر اور مغرب کی طرف پاؤں رکھیں۔ اگر ہمت اور کچھ طاقت ہوتو گھٹنوں کو کھڑا کردیں اور پاؤں قبلے کی طرف نہ پھیلائیں، لیکن طاقت نہ ہوتو پھر قبلے کی جانب پھیلانے میں بھی کوئی حرج نہیں ہے۔ سر کے نیچے تکیہ رکھیں، تاکہ سر کچھ اونچا ہوجائے اوربجائے آسمان کے، قبلے کی طرف ہوجائے۔

اگر چت لیٹنا مشکل ہو تو تو دائیں یا بائیں کروٹ پر لیٹ جائیں اور منہ قبلے کی طرف کرکے اشارے سے رکوع اورسجدہ کریں۔ چت لیٹنا کروٹ پر لیٹنے سے افضل ہے اور بائیں کروٹ کے مقابلے میں دائیں کروٹ پر لیٹنا زیادہ اچھا ہے، لیکن جائز دونوں طرح ہے۔ نماز کا یہی طریقہ ان مریضوں کے لیے بھی ہے جو عمر رسیدہ تو نہیں ہیں، مگر بیماری کی وجہ سے کھڑے ہو کر یا بیٹھ کر نماز نہیں پڑھ سکتے۔