کراچی (نیوز ڈیسک) افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کو ایک سال مکمل ہونے جا رہا ہے اور اس موقع پر نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینس اسٹولٹن برگ نے اس انخلاء کو ایک کڑوی گولی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال نیٹو کیلئے ایک ’’سانحہ‘‘ ہے۔ برسلز میں صحافیوں سے باتچیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہم نے گزشتہ سال دیکھا وہ ہمارے لیے ایک بڑا دھچکا اور افغانستان اور افغان خواتین کیلئے ایک سانحہ ہے لیکن ساتھ ہی اُن اتحادیوں کیلئے بھی یہ بات ایک سانحہ ہے جنہوں نے افغانستان کو ایک جمہوری اور پرامن ملک بنانے کیلئے سخت جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیٹو کو بہت کامیابیاں ملیں لیکن اس کارروائی کا دوسرا اہم مقصد یعنی ملک کو مستحکم اور پر امن بنانا، پورا نہیں ہو سکا اور یہ کام بہت ہی مشکل ثابت ہوا ۔