• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز گل نے غلط کہا تو فیصلہ عدالت کو کرنے دیا جائے، اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ شہباز گل نے کچھ غلط کہا تو فیصلہ عدالت کو کرنے دیا جائے۔

لاہور میں ریلی کے شرکاء سے خطاب میں اسد عمر نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے جلسے کیے، حکمرانوں کی کانپیں ٹانگ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقی آزادی کا جذبہ ہے اسے دبایا نہیں جاسکتا، جب انھوں نے دیکھا کہ سیاسی میدان میں مقابلہ نہیں کرسکتے تو مہم شروع کی۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ شہباز گل بھاگ نہیں رہے، انہیں عدالت میں بلائیں اور پوچھیں، اگر کچھ غلط کہا ہے تو فیصلہ عدالت کو کرنے دیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز گل پر تشدد کیا جارہا ہے تاکہ جھوٹا بیان دلوایا جاسکے، یہ لوگ آپ کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ حکمران الیکشن کرائیں اور میدان میں آکر مقابلہ کریں، الیکشن سے بھاگ رہے ہیں کیونکہ انہوں نے عوام پر مہنگائی کا عذاب نازل کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید