کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے سماجی بہبود یوتھ افئیرز و وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ و بی این پی کے مرکزی سیکرٹری ہیومن رائٹس میر احمد نواز بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو سیاسی عمل کا حصہ بن کر متحرک کردار ادا کرنا چائیے عوامی خواہشات کی آئنیہ دار نظریاتی سیاست ایک محنت طلب کام ہے اور سیاسی عمل میں واضح وژن رکھنے والے وسیع النظر افراد ہی کامیابی سے ہم کنار ہوتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو فورم فار ڈیگنیٹی انیشیٹیوز پاکستان کے زیر اہتمام چھ روزہ کاسنی دائرہ تربیت کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایف ڈی آئی پاکستان کی سربراہ عظمیٰ یعقوب نے پروگرام کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کاسنی دائرہ نوجوان خواتین کی بامعنی اور سیاسی شمولیت اور قائدانہ کردار کی ترویج کا پروگرام ہے جس کا آغاز 2019 میں کیا گیا اور یہ ہر سال یہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے کاسنی دائرہ کا مقصد نوجوان خواتین اور خواجہ سرا افراد کی تربیت کرنی ہے تا کہ وہ اپنے سیاسی اور جمہوری حقوق سمجھ سکیں اور اس تربیت کو بروئے کار لاتے ہوئے عملی سیاست میں حصہ لے سکیں کاسنی دائرہ کے پلیٹ فارم سے ایف ڈی آئی کا اہم مطالبہ 18 سے 24سال کی عمر کی خواتین کے لیے کم از کم 2فیصد کوٹہ مختص کرنا ہے تا کہ وہ مقامی، صوبائی اور قومی حکومتوں میں فیصلہ سازی میں شامل ہو کر نوجوان خواتین اور کمزور طبقوں کے حقوق کا تحفظ کر سکیں میر احمد نواز بلوچ نے کہا کہ سیا سی ایوانوں میں نوجوانوں کی شمولیت کا مطالبہ قابل غور ہے ہماری جماعت نوجوانوں کو فرنٹ پولیٹیکل لائن میں رکھنے کی حامی ہے اور ہم سیاسی عمل میں نوجوانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں کاسنی دائرہ کی جانب سے نوجوانوں کی پارلیمانی شمولیت کے مطالبات پر ایوان میں آواز اٹھائی جائے گی انہوں نے کہا کہ سیاست شعوری آگاہی کا ایک سنجیدہ عمل ہے اور ایک سیاسی عمل کا حصہ رہتے ہوئے پارلیمنٹ میں نمائندگی ایک کارکن کے لئے اعزاز کی بات ہوتی ہے ایوان میں پہنچ کر عوامی فلاح کا جذبہ اور اپنے حلقے کے عوام سے جڑے رہنا ہی ایک سیاسی کارکن کی کامیابی ہے ۔