• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم لزٹرس توانائی قیمتوں کومنجمد کردیں، انس سرور

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش لیبر پارٹی کے سربراہ انس سرور نے برطانیہ کی نئی وزیراعظم لزٹرس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انرجی کی قیمتوں کو منجمد کردیں اور پھر برطانوی پارلیمنٹ کے لیے نئے الیکشن کرانے کا اعلان کریں کیونکہ ’’اخراجات زندگی‘‘ کا بحران بڑھتا جارہا ہے اور کنزرویٹو پارٹی کے پاس اس کا کوئی حل نہیں، چنانچہ مستقبل میں اس بحران کے مزید بدترین ہونے کی توقع ہے، واضح رہے کہ آئندہ جنرل الیکشن2024ء میں منعقد ہونا ہے لیکن انس سرور قبل از وقت الیکشن منعقد کروانے کا مطالبہ کررہے کہ اس وقت لیبر پارٹی کنزرویٹو کے مقابلے میں گزشتہ12سال کے عرصے کی نسبت اپنی مقبولیت کے عروج پر ہے۔ چند ہفتے پہلے کے ایک سروے کے مطابق کنزرویٹو کو28جبکہ لیبر کو43فیصد عوام کی حمایت حاصل تھی۔ ویسٹ منسٹر میں اسکاٹش نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ایان بلیک فورڈ نے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ لوگ قیمتوں کے تیزی سے بڑھتے اور اپنے بلوں کی ادائیگی کے سلسلہ میں نہایت پریشان ہیں۔ کنزرویٹو تنگ نظری سے اپنے محدود مفاد پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
یورپ سے سے مزید