قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ جو بھی میرے لیے آتا ہے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بھارتی اداکارہ اروشی روٹیلا کے میچز دیکھنے کے لیے آنے کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر نسیم شاہ نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ اروشی روٹیلا کون ہے، میں اپنے کھیل پر فوکس رکھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کیریئر میں سب سے زیادہ سپورٹ آپ کی فیملی کرتی ہے، میری فیملی نے بہت سپورٹ کیا، میرے علاقے کے لوگ بہت پیار کرتے ہیں اور کافی جشن منایا۔
نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ بہت خوشی ہوتی جب آپ کے علاقے کے لوگ نکلتے اور جشن مناتے ہیں، جب چھوٹا ہوتا تھا تو پاکستان بھارت سے ہارتا تھا تو میں روتا تھا، اللّٰہ نے میرے سے وہ کام کروا دیا جس سے پاکستان کا نام بلند ہوا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد بھارتی اداکارہ و رقاصہ اُروشی روٹیلا قومی کھلاڑی نسیم شاہ کے پیچھے پڑ گئی تھیں۔
28 سالہ بھارتی اداکارہ اروشی روٹیلا ریشبھ پنت کے ساتھ سوشل میڈیا پر اچھی خاصی منہ ماری اور جگ ہنسائی کروانے کے بعد 19 سالہ پاکستانی بولر نسیم شاہ کے ساتھ اپنی ایڈٹ شدہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر کے خبروں کی زینت بننے میں کامیاب ہو گئی تھیں۔