کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک کے وسیع تر مفاد میں پڑوسی ملک بھارت سے درآمدات کی اجازت دی جائے ، طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہی اور اربوں روپے کے نقصانات کے علاوہ خوراک کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سی سی آئی کے صدر محمد ادریس نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ واہگہ بارڈر کے راستے بھارت سے خام کپاس اور کھانے پینے کی اشیاء بشمول سبزیاں، پھل اناج اور دیگر ضروری مصنوعات کی درآمد کی فوری اجازت دے کیونکہ سیلاب نے تمام زرعی فصلوں کو مکمل طور پرتباہ کردیا ہے جس کے وجہ سے پاکستان کو ان تمام مصنوعات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ ایک بیان میں چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا نے نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو غذائی بحران کو روکنے کے لیے اس سلسلے میں فوری اور سمجھداری سے کام لینا ہوگا۔