پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بے خوف ہوکر پیار کی بات کرنے پر اریجیت سنگھ کی تعریف کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق علی ظفر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اریجیت سنگھ کے پاکستان سے متعلق خیالات پر اُن کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی گلوکار اپنی آواز کی طرح خوبصورت انسان ہیں، اریجیت نے بڑے اسٹیج سے بغیر کسی خوف کے پاکستان کے لیے محبت بھری بات کہی وہ تعریف کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی انسان انسانیت پر یقین رکھتا اور اُس سے جڑا ہوگا وہ ہی ایسی بات کرے گا، اریجیت بھی خوبصورت انسان ہے، اس کی آواز میں معصومیت ہے۔
علی ظفر نے مزید کہا کہ میں کبھی بھی بھارتی گلوکار سے ملا نہیں ہوں لیکن انہیں دیکھ کر اور سُن کر اندازہ ہوتا ہے کہ وہ بہت اچھے انسان ہیں۔
اریجیت سنگھ نے مئی 2022ء میں امریکی شہر ہیوسٹن میں اپنے شو کے دوران پاکستانیوں سے ہاتھ کھڑے کرنے کی درخواست کی اور اعلان کیا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
جیسے ہی بھارتی گلوکار نے یہ الفاظ ادا کیے تو شو میں موجود مداحوں نے کھل کر انہیں سراہا، اپنے حالیہ انٹرویو میں علی ظفر نے اسٹیج سے بھارتی گلوکار کے پاکستان کےلیے محبت بھرے الفاظ کی تعریف کی اور اسے بے خوف ہوکر پیار کی بات کرنا قرار دیا۔
اس سے قبل اریجیت سنگھ پاک بھارت کشیدہ تعلقات کے باوجودہ پاکستانی موسیقاروں سے متعلق اپنی محبت کا اظہار کرچکے ہیں۔
بھارتی گلوکار نے گزشتہ برس ابوظبی میں کنسرٹ کے دوران کہا تھا کہ میں بھارت میں پاکستانی موسیقاروں پر عائد پابندی جیسی خبروں پر یقین نہیں رکھتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں پاکستانی موسیقی سنی جاتی ہے، کیا اُس کے سننے پر پابندی لگادی گئی ہے؟ کیا عملاً پابندی ہے یا ہٹادی گئی ہے؟
اریجیت سنگھ نے بتایا کہ میرے پسندیدہ پاکستانی گلوکاروں میں عاطف اسلم، راحت فتح علی خان اور شفقت امانت علی خان شامل ہیں۔