• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم، تحریک انصاف ایک سکے کے 2 رخ، کوئی فرق نہیں، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی پالیسیوں میں انیس بیس کا بھی فرق نہیں دونوں ایک سکے کے 2 رخ ، موجودہ اور سابق وزیراعظم دونوں اسٹیبلشمنٹ کے لاڈلے ہیں۔ قوم کے پیسوں پر سرکاری پروٹوکول، گاڑیاں اور رہائشیں انجوائے کرنے والے جاگیردار اور وڈیرے ملک پر بوجھ ہیں۔ وہ منصورہ میں سیکرٹری جنرل امیرالعظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے، حکمران نیب کیسز معاف کرانے میں مصروف ، کسی ادارے کو قوم کی لوٹی ہوئی دولت معاف کرنے کا حق نہیں۔ معیشت تباہی کا شکار، وزیراعظم کی کابینہ میں ہر آئے روز توسیع کر دی جاتی ہے، وفاقی کابینہ میں اتنے لوگ شامل ہیں کہ شاید وزیراعظم کو سب کے ناموں کا بھی پتا نہ ہو، اجلاس کے دوران کرسیاں کم پڑ جاتی ہیں۔ موجودہ حکومت نے چار ماہ میں ہی عوام پر ظلم کی انتہا کر دی۔ ڈالر 240روپے کے برابر ہو گیا، اشیائے خوردونوش، پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں 99فیصد عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید