• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ کیس، جیکولین فرنینڈس کو عبوری ضمانت مل گئی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

 200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس میں نامزد بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو عبوری ضمانت مل گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جیکولین فرنینڈس گرفتار  ہونے سے بچ گئی ہیں، جیکولین فرنینڈس کو دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت کی جانب سے عبوری ضمانت مل گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست عدالت میں زیر التوا رہے گی جبکہ کیس کی اگلی سماعت 22 اکتوبر کو ہوگی۔

اداکارہ جیکولین فرنینڈس پر اپنے بوائے فرینڈ چندر شیکھر سکیش سے مہنگے تحائف وصول کرنے کے الزامات ہیں جبکہ چندر شیکھر کروڑوں روپے کے بھتے وصول کرنے کے لیے الزامات میں جیل میں قید ہے۔

واضح رہے کہ چندر شیکھر سے منسوب کروڑوں روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں اداکارہ جیکولین فرنینڈس بطور ملزم نامزد ہیں

دوسری جانب بالی ووڈ اداکارہ نورا فاتحی پر بھی چندر شیکھر سے لگژری گاڑیاں اور دیگر مہنگے تحائف وصول کرنے کا الزام ہے جس پر تاحال تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت کے بعد ای او ڈبلیو کے اسپیشل کمشنر آف پولیس رویندر یادو نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ اداکارہ نورا سے زیادہ جیکولین کے لیے پریشانی کی بات ہے کیونکہ اس نے سکیش کے مجرمانہ کردار کو جاننے کے بعد بھی اس سے تعلق نہیں توڑا مگر سکیش سے متعلق جب نورا کو شک ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے تو نورا نے خود ہی سے سکیش سے رابطہ ختم کر لیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ آج کی پوچھ گچھ کے دوران یہ تضاد بھی واضح ہو گیا ہے کہ سکیش سے BMW نورا نے نہیں بلکہ اُن کے بہنوئی نے لی تھی، نورا نے سکیش سے بی ایم ڈبلیو کا تحفہ لینے سے انکار کر دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار جیکولین ملزم سکیش پر فریفتہ تھیں جبکہ نورا نے سکیش سے کبھی ملاقات نہیں کی تھی، نورا کی واٹس ایپ کے ذریعے سکیش سے دو بار بات ہوئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نورا کے بہنوئی مراکش کے رہائشی ہیں مگر زیادہ تر ممبئی میں رہتے ہیں اور بالی ووڈ انڈسٹری میں بطور ہدایتکار کام کرتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید