• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمیز راجہ نے قومی ٹیم کے کھیلنے کے انداز کی حمایت کر دی


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھیلنے کے انداز کی حمایت میں سامنے آ گئے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھیلنے کا اپنا ایک انداز ہے، ٹیم نے اسی انداز میں 12ماہ میں 80 فیصد کی شرح سے کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

پی سی بی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم نے سنسنی خیز میچز جیتے، ایونٹس کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) پلیئرز آف دی ایئر میں قومی کرکٹرز آئے، اتنی بڑی تعداد میں ایسا کہاں ہوتا ہے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ بٹن دبائیں اور آسٹریلیا کی طرح جارحانہ انداز میں کرکٹ کھیلیں، ہم پرانے زمانے کی کرکٹ کھیلتے ہیں، ماڈرن ڈے کی کرکٹ نہیں کھیلتے ہیں، میں اس تجزیے کو درست مانتا ہوں، لیکن ٹیم نے اسی طرح کامیابی بھی حاصل کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماڈرن ڈے کی کرکٹ کے لیے ہم نے ایک طریقہ کار شروع کیا ہے، سو کرکٹرز کا پاتھ وے پروگرام اور پاکستان جونیئر لیگ اسی کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگلے 4 سالوں میں آپ کو تیار گھوڑے ملیں گے جو ماڈرن ڈے کی کرکٹ کھیل سکتے ہوں گے، ہم موجودہ ٹیم پر اتنا ہی دباؤ ڈالیں جتنا ہم ڈال سکتے ہیں۔

کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ میرے خیال میں ٹیم کے طریقہ کار میں کوئی خرابی نہیں ہے، ٹیم کے کھلاڑیوں کا ٹمپرامنٹ بہتر ہو رہا ہے اور وہ فائٹ کر رہے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید