سندھ پولیس کے سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے دادو میں سیلاب متاثرین کےلیے دو روزہ مشترکہ فری میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا جس میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز نے 50,000 سے زائد افراد کا طبی معائنہ کیا اور مفت لیب ٹیسٹنگ سہولیات اور ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔
مذکورہ کیمپ سیکیورٹی ڈویژن، سندھ پولیس کے اشتراک سے سیلاب زدگان کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال دادو میں قائم کیا گیا۔
میڈیکل کیمپ میں دادو کے مضافاتی اور دور دراز علاقوں سے بھی لوگ آئے اور مستفید ہوئے۔
دو روزہ میڈیکل کیمپ کے دوران سیکیورٹی ڈویژن نے کیمپ کو مکمل لاجسٹک سپورٹ اور سیکیورٹی کی ذمہ داری نبھائی جبکہ فلاحی تنظیم جے ڈی سی کی جانب سے کیمپ کےلیے ادویات فراہم کی گئیں۔
کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ڈاکٹروں نے رضاکارانہ طور پر کیمپ کے لیے اپنی خدمات پیش کیں۔
مزید برآں عیسیٰ لیب نے کیمپ کےلیے مفت لیب ٹیسٹنگ فراہم کی۔
اس موقع پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا کہ وہ اس نیک مقصد کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے پر جنرل سیکریٹری جے ڈی سی ظفر عباس، سی ای او عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگنوسٹک سینٹر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ، ایم ایس دادو اسپتال ڈاکٹر عبدالکریم میرانی، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی ڈاکٹر نرگس انجم اور سینئر ڈاکٹر شفی ساند کو کیمپ کےلیے رضاکارانہ خدمات پیش کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکاروں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ان کی خدمات لائق تحسین اور ناقابل فراموش ہیں۔